امریکی دواساز کمپنی ’ایسٹرا زینیکا‘ (AstraZeneca) نے ہندستان میں عوام کو لوٹنا شروع کردیا ہے۔ یہ کمپنی ہندوستانی بازار میں دوا کی کالا بازاری کر رہی ہے۔ اس بات کا انکشاف گزشتہ دنوں تب ہوا جب راشٹریہ سہارا کے سابق گروپ ایڈیٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے سر گنگا رام اسپتال میں طبی معائنہ کرایا۔ ڈاکٹر سدھیر ترپاٹھی نے دوا کا پرچہ لکھا اور ڈاکٹر جسیم نے دوا ایجنسی ہولی وسل فارمیسی، نئی دہلی سے دوا کی خریداری کی جس میں  ایسٹرا زینیکا یو ایس اے کی دوا Forxiga 5mg B.NO. FLY004 MFD. 07/2020 چودہ ٹیبلٹ کا پتّہ، جس پر 399 روپیے قیمت درج ہے۔

حیرانی کی بات یہ ہے کہ جب وہی دوا جسیم محمد نے اترپردیش کے علی گڑھ واقع پھپھلا مارکیٹ میں پریتی دوا ایجنسی سے خریدی تو 761.60 روپے ادا کرنے پڑے۔ ظاہر ہے امریکی دوا ساز کمپنی ایک ہی دوا کو دو الگ الگ قیمت پر فروخت کر رہی ہے جو عوام کے ساتھ لوٹ ہے۔

جسیم محمد نے قیمت میں دوگنا فرق دیکھتے ہوئے ایس ایس پی علی گڑھ کو ای میل کے ذریعہ مطلع کیا ہے۔ انھوں نے مرکزی وزارت صحت اور حکومت ہند کو بھی ای میل سے اس کالابازاری کی اطلاع دی ہے۔ جسیم محمد نے مطالبہ کیا کہ اس امریکی کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ حیات بخش دواؤں میں دھوکہ و فریب دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ جسیم محمد کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی مرکزی وزیر صحت سے ملاقات کر کے کارروائی کی گزارش بھی کریں گے۔

(پریس ریلیز)