فلم ’دی کشمیر فائلس‘ اس وقت پورے ہندوستان میں موضوع بحث ہے۔ اس سلسلے میں بڑی بڑی شخصیتوں نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے لیکن بالی ووڈ کے کچھ بڑے ستارے اب بھی اس سلسلے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اس حساس موضوع پر انڈسٹری کی بڑی شخصیات کی خاموشی پر لوگوں میں ناراضگی بھی ہے۔ بہرحال، اس معاملے پر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے فلم کے تعلق سے کھل کر باتیں کیں اور یہ بھی کہا کہ وہ ’دی کشمیر فائلس‘ ضرور دیکھیں گے۔

دراصل ’آرآرآر‘ کے پروموشن کے دوران جب جونیئر این ٹی آر، رام چرن اور عالیہ بھٹ کے ساتھ عامر خان اسٹیج پر موجود تھے تو ان سے ’دی کشمیر فائلس‘ کے سلسلے میں سوال کیا گیا۔ اس پر عامر نے کہا ’’میں کشمیر فائلس ضرور دیکھوں گا، کیونکہ یہ ہماری تاریخ کا ایک ایسا حصہ ہے جسے دیکھ کر ہمارا دل دُکھا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشمیری پنڈتوں پر ہوئے ظلم کو دکھاتی یہ فلم ہر کسی کو دیکھنی چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ ایک انسان پر جب ظلم ہوتا ہے تو کیسا لگتا ہے۔‘‘

عامر خان نے فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کی کامیابی پر خوشی بھی ظاہر کی اور کہا کہ اس فلم نے انسانیت پسند لوگوں کے جذبات کو چھوا ہے، یہی اس فلم کی خوبصورتی بھی ہے۔ اس فلم میں 1990 کا وہ منظر پیش کیا گیا ہے جب بڑی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کو وہاں سے منتقل ہونے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔