مشہور ٹی وی گیم شو ’کون بنے گا کروڑپتی-13‘ کے آئندہ ایپی سوڈ میں اکشے کمار اور کیٹرینا کیف اپنی فلم ’سوریہ ونشی‘ کا پروموشن کرتے نظر آئیں گے۔ سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے اپنے انسٹاگرام پر اس ایپی سوڈ کا ایک پرومو شیئر کیا ہے۔ پرومو میں کیٹرینا کیف انتہائی معصومیت کے ساتھ امیتابھ بچن سے ایک سوال پوچھتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ’’ہر لائف لائن ہم ایک بار ہی استعمال کر سکتے ہیں یا ہر سوال کے لیے استعمال کر سکتے ہیں؟‘‘ اس سوال پر امیتابھ کی بولتی بند ہو جاتی ہے۔ بگ بی کے چہرے کے تاثرات دیکھ کر اکشے کمار بھی اپنی ہنسی نہیں روک پاتے۔

دراصل ویڈیو کے آغاز میں کیٹرینا سے امیتابھ شو کو لے کر ان کی تیاری کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ اس پر وہ بتاتی ہیں کہ کچھ تاریخ کے بارے میں پڑھا، اور جغرافیہ میں تھوڑی معلومات بڑھائی، اور گوگل سرچ دیکھے۔‘‘ دوسری طرف اکشے کہتے ہیں کہ وہ صرف انہی سوالوں پر کھیلیں گے جن کے جواب انہیں معلوم ہیں، لیکن کیٹرینا یہاں جیتنے آئی ہیں۔

بہر حال، کیٹرینا کے جس سوال پر امیتابھ بچن کی بولتی بند ہو گئی، اس پر اکشے کمار کا ردعمل بھی دیکھنے لائق رہا۔ انھوں نے اپنے مزاحیہ انداز میں کیٹرینا کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت ہی دلچسپ سوال ہے۔‘‘ پھر وہ امیتابھ بچن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں ’’آپ اتنے سالوں سے یہ شو کر رہے ہو، لیکن آپ سے یہ سوال کسی نے نہیں پوچھا ہوگا۔‘‘