ٹی-20 عالمی کپ کا سپر-12 مقابلہ 22 اکتوبر سے شروع ہونے والا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر (اتوار) کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ جیسے اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باوجود اس بار عالمی کپ پر قبضہ کرنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتیں بھی ہندوستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے میں پیش پیش نظر آ رہی ہیں۔ اس درمیان بالی ووڈ کے سپراسٹار امیتابھ بچن نے ہندوستانی ٹیم کو دلچسپ انداز میں نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
دراصل مشہور ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ (کے بی سی) کے سیٹ سے امیتابھ بچن نے ہندوستانی ٹیم کو ایک بار پھر عالمی کپ ہاتھ میں اٹھانے کا حوصلہ بخش پیغام دیا ہے۔ انھوں نے شاعرانہ انداز میں کہا ہے ’’اے نیلی جرسی والو، پھر سے ورلڈ کپ اٹھا لو۔‘‘ امیتابھ بچن کے اس منظوم پیغام اور نیک خواہشات پر مبنی ویڈیو کو لوگ خوب پسند کر رہے ہیں، اور یہ تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی۔ پہلے پاکستان نے ہندوستان کو 10 وکٹ سے شکست دے دی تھی، اور پھر بعد میں ہندوستانی ٹیم گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہو گئی تھی۔ ٹی-20 عالمی کپ پر ہندوستان نے 2007 میں قبضہ کیا تھا اور اُس کامیابی کے اب کافی عرصہ گزر چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ شیدائی اس بار ہندوستان کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔