ابھشیک بچن کی فلم ’باب بسواس‘ کے ٹریلر نے ریلیز کے بعد سے ہی لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچنا شروع کر دیا ہے۔ ٹریلر کی دلکشی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک بے حد خاص شخصیت بھی تعریف کرنے پر مجبور ہے۔ بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار امیتابھ بچپن نے سوشل میڈیا پر ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے، اور ابھشیک کی تعریف کرتے ہوئے جذباتی پیغام میں لکھا ہے ’’تم میرے  بیٹے ہو اس بات کو کہنے میں مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘‘ امیتابھ بھلے ہی ابھشیک کے والد ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی وہ ایک عظیم اداکار بھی ہیں۔ ان کے منھ سے تعریف سننا ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے۔

غور طلب ہے کہ ابھشیک ان دنوں منفرد انداز کے کردار نبھاتے نظر آر ہے ہیں۔ ساتھیوں اور سینئرس سے بھی انہیں کافی حوصلہ افزائی مل رہی ہے۔ فلم ’بگ بل‘ میں بھی ان کے ذریعہ نبھائے گئے مضبوط کردار پر کافی اچھا رسپانس ملا تھا۔ خود امیتابھ نے بھی ان کی اداکاری کی جم کر تعریف کی تھی۔

فلم ’باب بسواس‘ کی بات کریں تو اس میں ابھشیک بالکل ہی الگ کردار میں دکھائی دیں گے۔ فلم میں انہوں نے ایک قاتل کا کردار نبھایا ہے جو دیکھنے میں تو ایک عام انسان ہے، لیکن پیسوں کے لیے کسی کی بھی جان لے لیتا ہے۔ ہدایت کار دیا اے. گھوش کی اس فلم میں چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار نبھا رہی ہیں۔