اردو تحریر میں کشش ہوتی ہے، اور اس زبان کی شیرینی کا بھی ایک بڑا طبقہ قائل نظر آتا ہے۔ لیکن بدلتے وقت کے ساتھ اردو لکھنے اور استعمال کا انداز بھی بہت بدلا ہے۔ اس کی مثال 89 سال قدیم اردو کا وہ شادی کارڈ ہے جو ٹوئٹر پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ یہ کارڈ کراچی سے تعلق رکھنے والی بزنس وومن سونیا بٹلا نے 30 دسمبر 2022 کو شیئر کیا تھا جسے اب تک تقریباً 8 لاکھ ویوز مل چکے ہیں۔ آپ کی دلچسپی کے لیے نیچے پیش ہے اس شادی کارڈ کا متن۔

نحمدہٗ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم

مکرم بندہ۔ السلام علیکم۔

خدا وند کریم کا شکر ہے کہ اس نے اپنے فضل و کرم سے یہ ساعت سعید عطا کی کہ برخوردار حافظ محمد یوسف سلمہٗ کی شادی خانہ آبادی قرار پائی، لہٰذا ملتمس ہوں کہ ازراہِ نوازش بتاریخ 27 ذی الحجہ 1351ھ مطابق 23 اپریل 1933 بروز اتوار بوقت 10 بجے صبح غریب خانہ واقع گلی قاسم جان اندرون احاطہ کالیصاحب تشریف لا کر ہمراہ نوشہ تابخانہ عروس واقع محلہ کشن گنج قدم رنجہ فرما کر شریک نکاح مسنونہ ہوں اور ماحضرت تناول فرمائیں۔

نیز بتاریخ 28 ذی الحجہ 1351ھ مطابق 24 اپریل 1933ء بروز پیر بوقت 10 بجے صبح غریب خانہ پر تشریف لا کر دعوتِ ولیمہ مسنونہ تناول فرما کر مرہونِ منت بنائیں۔

نوٹ: برات انشاء اللہ تعالیٰ ٹھیک 11.30 بجے روانہ ہو جائے گی۔ جناب کی پابندیٔ وقت میرے لیے سہولت کا باعث ہوگی۔

المکلف
نیاز مند محمد ابراہیم۔ فرم حافظ شہاب الدین محمد ابراہیم سگرٹ والے۔ دہلی