شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا کی تنظیم ’بزم جامعہ‘ کے زیر اہتمام شعبہ اردو کی گولڈن جبلی تقریب کے موقع پر دو روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دراصل 25 نومبر کو شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کو 50 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ پانچ دہائی قبل 25 نومبر 1972 کو شعبۂ اردو کا قیام عمل میں آیا تھا۔ گولڈن جبلی کے اس موقع پر یک روزہ تقریب کا اہتمام 25 نومبرکو کیا جا رہا ہے۔ اسی مناسبت سے 24 اور 25 نومبر 2022 کو شعبہ اردو کی تاریخ پر مبنی ایک نمائش جاری ہے۔

اس نمائش میں طلبا نے شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق اور موجودہ اساتذہ کی کتابوں کے ٹائٹلز اور یادگاری و توسیعی خطبات سے وابستہ تصاویر آویزاں کی ہیں۔ شعبے کی جانب سے منعقدہ متعدد سمیناروں، کانفرنسوں اور ورکشاپس کا ذکر بھی تصویروں کی زبانی کیا گیا ہے۔ مختلف ریسرچ اسکیم، مثلاً ’ڈی آر ایس‘ کے تین فیز اور ٹیگور ریسرچ اینڈ ٹرانسلیشن اسکیم کی کتابوں کے ٹائٹلز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

اس نمائش میں ایک اہم چیز یہ بھی ہے کہ شعبہ اردو کے سابق صدور کا مختصر تعارف مع تصاویر پیش کیا گیا ہے۔ یہاں سے وابستہ وزیٹنگ پروفیسرز، وزیٹنگ فیلوز اور مشہور ابنائے قدیم کی تصاویر مع مختصر تعارف کی بھی نمائش کی گئی ہے۔ ان کے علاوہ طلبا نے اردو میں بنائے گیے متعدد قسم کے دلکش کارڈز بھی رکھے ہیں۔ ان میں خوبصورت ڈیزائننگ سے شعر ی یا نثری انتخابات تحریر کیے گئے ہیں۔

(بشکریہ ڈاکٹر سلمان فیصل)