بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ قرآن پاک اور پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق گستاخانہ کلمات کہنے کے الزام میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ نوپور شرما کے خلاف ممبئی پولس نے رضا اکیڈمی کی شکایت کے بعد یہ معاملہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر دفعہ 295اے، 153اے اور 505بی کے تحت درج کی گئی ہے۔ نوپور شرما کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ انھوں نے حال ہی میں ایک ٹی وی مباحثہ کے دوران پیغمبر محمد پر قابل اعتراض تبصرہ کیا۔ اس سلسلے میں وہ لگاتار تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی انھیں اسلام دشمنی کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
رضا اکیڈمی نے نوپور شرما کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اہانت رسول ناقابل برداشت ہے۔ رضا اکیڈمی کے علاوہ کئی مذہبی، سیاسی و سماجی لیڈران نے بھی بی جے پی ترجمان کی شدید تنقید کرتے ہوئے ٹی وی مباحثہ میں ان کے لہجہ پر حیرانی ظاہر کی ہے۔ دراصل یہ ٹی وی مباحثہ وارانسی کی متنازعہ گیان واپی مسجد کے تعلق سے تھا جس میں شرکا کے درمیان تلخ کلامیاں دیکھنے کو ملی تھیں۔
اس درمیان نوپور شرما کا کہنا ہے کہ ٹی وی مباحثہ کے بعد انھیں لگاتار دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگ ان کی عصمت دری اور قتل کیے جانے کی باتیں کہہ رہے ہیں۔