یومِ آزادی کے پیش نظر جگہ جگہ ترنگا یاترائیں نکل رہی ہیں اور تقاریب کا بھی انعقاد ہو رہا ہے۔ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر اسکول و کالج میں بھی خصوصی پروگرام ہو رہے ہیں۔ ایک پروگرام میرٹھ کے آر جی انٹر کالج میں بھی منعقد ہوا جو سرخیوں میں ہے۔ دراصل کالج نے ترنگا ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں محمد اور خورشیدہ کی بیٹی رمشا کو بھی شامل کیا گیا جو درجہ 6 کی طالبہ ہے۔ جب یہ ترنگا ریلی نکلی تو سبھی رمشا کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ایسا اس لیے کیونکہ وہ مہاتما گاندھی کی شکل میں نظر آ رہی تھی، اور اس کے سر پر بال موجود نہیں تھے۔ گویا کہ اس نے اپنے پورے بال منڈوا لیے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلی کی منتظم نے جب رمشا سے کہا کہ مہاتما گاندھی کی طرح لگنے کے لیے اسے بال منڈوانے ہوں گے، تو وہ بخوشی تیار ہو گئی۔ رمشا کا کہنا ہے کہ گاندھی جی نے ملک کی آزادی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، میں نے اپنا سر منڈوایا تو کون سی بڑی بات ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ رمشا کے والد محمد ہیئر کٹنگ ماسٹر ہیں اور انھوں نے خود اپنی بیٹی کے بال کاٹے۔ رمشا کے اس فیصلے پر والدہ خورشیدہ نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔ سبھی نے کہا کہ ملک کے تئیں حب الوطنی کے جذبہ سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔ رمشا کے اس عمل سے میرٹھ کینٹ کے رکن اسمبلی امت اگروال بھی بے انتہا خوش ہیں۔