کسی کو اس بات پر یقین نہیں ہو رہا کہ معروف سابق آسٹریلیائی کرکٹر اینڈریو سائمنڈس کا انتقال ہو گیا ہے۔ 14 مئی کی شب ایک حادثہ میں ان کی موت ہوئی اور 15 مئی کی صبح یہ خبر تیزی کے ساتھ پوری دنیا میں پھیل گئی۔ دنیائے کرکٹ 46 سالہ سائمنڈس کی موت سے صدمے میں ہے اور خراجِ عقیدت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سائمنڈس کے ساتھی کھلاڑیوں کے بیانات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ سابق آسٹریلیائی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ، انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان، سابق ہندوستانی اسپن گیندباز ہربھجن سنگھ اور سابق پاکستانی تیز گیندباز شعیب اختر نے ٹوئٹ کے ذریعہ اس اندوہناک خبر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دراصل اینڈریو سائمنڈس کی کار سنیچر کی شب ٹاؤنس وِلے میں ایک حادثہ کی شکار ہو گئی۔ کوئنس لینڈ پولس نے بتایا کہ شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر مغرب واقع ہروے رینج میں رات تقریباً 10.30 بجے یہ حادثہ ہوا۔ شروعاتی جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ تیز رفتار کار سڑک پر پلٹ گئی۔ سائمنڈس کو بچانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن سبھی کوششیں ناکام ہوئیں۔ پولس کے مطابق سائمنڈس کو اس حادثے میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔
سائمنڈس کی انتقال کی تصدیق ہونے کے بعد مائیکل وان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’سائمنڈس کی موت ہو گئی، یہ بات حقیقت نہیں لگ رہی۔‘‘ ایڈم گلکرسٹ لکھتے ہیں ’’واقعی اس خبر نے شدید تکلیف پہنچائی۔‘‘ ہربھجن نے لکھا ’’اینڈریو سائمنڈس کے اچانک انتقال کی خبر سے حیران ہوں۔ بہت جلدی چلے گئے۔‘‘