اردو ادب میں اپنی ایک الگ شںاخت قائم کر چکے مشہور ناول نگار پروفیسر انیس اشفاق کو اردو کے لیے ’ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2022‘ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انھیں ناول ‘خواب سراب’ کے لیے ساہتیہ اکادمی کا یہ باوقار اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد اردو حلقہ میں خوشی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اردو ادب سے تعلق رکھنے والے شخصیات لگاتار انھیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔

مشہور ادیب ابو بکر عباد نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے ’’انیس اشفاق کے ناول ’خواب سراب‘ کو 2022 کا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ۔ عرصے بعد صحیح فیصلے کے لیے جیوری کے ممبران کو مبارکباد۔‘‘ رحمن عباس نے بھی فیس بک پوسٹ کے ذریعہ انیس اشفاق کو ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2022 کے لیے اس مرتبہ 23 زبانوں کے ادیب کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مزید ایک زبان کے لیے ایوارڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ہندی کے لیے بدری نارائن (شعری مجموعہ ’تمڑی کے شبد‘ کے لیے) اور انگریزی کے لیے انورادھا رائے (ناول ’آل دی لائیوز وی نیور لیوڈ‘ کے لیے) کو یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتگان کو بطور انعام ایک لاکھ روپے، ایک شال اور ایک میمنٹو (تانبے کی پلیٹ) پیش کیا جاتا ہے۔ ساہتیہ اکادمی کے مطابق آئندہ کسی تاریخ میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کر سبھی ادیبوں کو انعامات پیش کیے جائیں گے۔