کورونا وبا کی وجہ سے مسجد الحرام میں داخلے کو لے کر جاری پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ صرف زائرین کو کچھ ضابطوں پر عمل کرنا ہوگا جو کہ لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ مثلاً حرمین شریفین کی زیارت کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شخص مکمل ٹیکہ لگا چکا ہو۔ عرب میڈیا سے موصول ہو رہی خبروں میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مسجد الحرام کو نمازیوں کے لیے مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ حرمین شریفین میں داخلے کے لیے کچھ اہم ضابطوں کی طرف لوگوں کی توجہ بھی دلائی گئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ زائرین کو عمرہ ٹریکنگ ایپ کا استعمال لازمی طور پر کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں خدمت پر مامور کارکنوں اور زائرین کو ہر وقت چہرے پر ماسک پہننا ہوگا۔ نمازیوں کے متعلق بتایا گیا ہے کہ عبادات کے دوران سماجی فاصلہ کی اب ضرورت نہیں۔ یعنی دو نمازیوں کے درمیان کچھ فاصلہ جو اب تک لازمی تھا، یہ بندش ہٹا دی گئی ہے۔ پہلے مسجد الحرام میں مخصوص تعداد میں نمازیوں کو آنے کی اجازت تھی، یہ پابندی بھی ہٹ گئی ہے۔
غور طلب ہے کہ سعودی عرب میں شہریوں کو یہ آزادی مل گئی ہے کہ وہ آزادی کے ساتھ عوامی مقامات پر جا سکتے ہیں۔ ہوٹل اور ریستورانوں وغیرہ میں بھی کورونا سے متعلق پابندیاں مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلے تب لیے گئے جب مکمل کورونا ٹیکہ کاری کی مہم کامیابی کے ساتھ ختم ہو گئی۔