مشہور و معروف اداکار انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 2 منٹ 10 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں کاٹھمنڈو مندر کے باہر ایک بھیک مانگتی ہوئی بچی فراٹے دار انگریزی بول رہی ہے۔ انوپم کھیر اس بچی کی انگریزی بولنے کی صلاحیت سے کافی متاثر ہوئے اور اسے اسکول بھیجنے کا وعدہ بھی کیا۔

دراصل انوپم کھیر پچھلے کئی دنوں سے پڑوسی ملک نیپال میں تھے جہاں انھوں نے فلم ’اونچائی‘ کی شوٹنگ کی۔ نیپال میں جب انھوں نے ایک بچی کو بھیک مانگتے دیکھا تو اس سے بات کرنے کے لیے رک گئے۔ پھر انھیں پتہ چلا کہ وہ بچی راجستھانی ہے اور اچھی انگریزی بولتی ہے۔ انوپم کھیر اس بچی سے اتنے متاثر ہوئے کہ اسے اسکول بھیجنے اور پورا خرچ اٹھانے کا اعلان کر دیا۔

انوپم کھیر کی شیئر ویڈیو کو لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں بچی کاٹھمنڈو مندر کے باہر راہ گیروں سے بھیک مانگ رہی ہے۔ انوپم کھیر نے بچی سے سوال کیا کہ وہ بھیک کیوں مانگ رہی ہے، اور اتنی اچھی انگریزی کیسے بولتی ہے؟ جواب میں بچی نے کہا ’’میرا نام آرتی ہے، اور میں آپ سے مل کر بے حد خوش ہوں۔ میں ہندوستان کے راجستھان سے ہوں۔ بھیک مانگنے کے دوران میں نے انگریزی بولنا شروع کیا۔ میں نے تھوڑا-تھوڑا سیکھا اور میں بولتی چلی گئیَ۔‘‘ بات چیت کے دوران جب اس غریب بچی نے اسکول جانے کی اپنی خواہش ظاہر کی، تو انوپم کھیر نے اسے اسکول بھیجنے کا وعدہ کیا۔