دبئی ایکسپو 2020 میں معروف موسیقار اے آر رحمن کی بیٹی خدیجہ رحمن نے اپنی سحر انگیز آواز سے کئی لوگوں کو دیوانہ بنا ڈالا۔ خدیجہ نے 28 اکتوبر 2020 کو اپنے یوٹیوب چینل پر ’فرشتوں‘ نغمہ اَپ لوڈ کیا تھا جس میں کارٹون کے ذریعہ انھوں نے اپنے لفظوں کی ترجمانی کی تھی۔ اسی نغمہ کو خدیجہ نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر گزشتہ 20 نومبر کو دبئی ایکسپو میں پیش کیا۔ وہ ’فردوس آرکیسٹرا‘ کا حصہ بنیں اور لائیو گلوکاری سے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ اب سوشل میڈیا پر موسیقی کے پرستار خدیجہ کی روحانی آواز کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔

دبئی ایکسپو 2020 میں خدیجہ پوری طرح حجاب میں نظر آئیں۔ اس دوران انھیں گانے میں ذرا بھی دقت محسوس نہیں ہوئی۔ انھوں نے 16 سالہ پیانسٹ لیڈین ندھاشورم کے ساتھ پرفارم کیا اور اپنے ڈیبیو سنگل ’فرشتوں‘ نغمہ کو لوگوں کے دلوں میں اتار دیا۔ غور طلب ہے کہ ’فرشتوں‘ کے لیے میوزک کمپوزنگ خدیجہ کے والد یعنی آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمن نے کی ہے۔

دبئی ایکسپو میں خدیجہ کے لائیو پرفارمنس کی ویڈیو اے آر رحمن نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ڈالی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے ’’ان کے لیے جنھوں نے خدیجہ رحمن کی فرشتوں پرفارمنس کو مِس کیا ہو۔ عالمی یومِ اطفال کا جشن مناتے ہوئے، آپ کے لیے۔‘‘ یہ ویڈیو اب تک تقریباً 2 لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں۔ خدیجہ کی آواز کا جادو لوگوں کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔