انڈین ریلوے مسافروں کی سہولت کے لیے کئی اہم پروجیکٹ چلا رہی ہے۔ انہی میں ایک ہے ’آپریشن امانت‘۔ ریلوے کے ذریعہ مسافروں کو فراہم کی جانے والی یہ انتہائی اہم سہولت ہے جس کے بارے میں کم ہی لوگوں کو معلوم ہے۔ دراصل ملک میں روزانہ لاکھوں مسافر ٹرین سے سفر کرتے ہیں۔ اس دوران کئی مسافر اپنا سامان ٹرین میں ہی بھول جاتے ہیں۔ ان سامانوں کو اصل مالک تک پہنچانے کے لیے ہی انڈین ریلوے ’آپریشن امانت‘ چلا رہی ہے۔

اگر آپ کے ساتھ کبھی ریلوے میں سامان غائب ہو جائے یا پھر غلطی سے سامان ٹرین میں ہی چھوٹ جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پہلے ٹرین میں ملنے والے سامانوں کو ریلوے مال خانے میں رکھ دیتی تھی، لیکن اب اس کی تصویر کھینچ کر ریلوے پولس اپنے ریلوے زون کی ویب سائٹ پر ڈالتی ہے۔ یہاں جا کر آپ تصویریں دیکھ سکتے ہیں اور اپنے سامان کی شناخت بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کو اپنا سامان نظر آ جائے تو ریل ڈویژن سے رابطہ کر اپنی امانت بہ آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ بس آپ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ سامان آپ کا ہی ہے۔

غور طلب ہے کہ انڈین ریلوے نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر گزشتہ دنوں ایک جانکاری شیئر کی تھی۔ اس میں بتایا گیا تھا کہ 2021 میں ’آپریشن امانت‘ کی مدد سے 23 کروڑ روپے کا سامان مسافروں کو لوٹایا گیا ہے۔ گزشتہ سال اس منصوبہ کا فائدہ 12 ہزار سے زیادہ مسافروں کو ملا۔