ڈرگز معاملے میں آرین خان کی گرفتاری کے خلاف کئی لوگ آواز اٹھا رہے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کابینہ میں وزیر چھگن بھجبل نے بھی اس تعلق سے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اگر شاہ رخ خان بھگوا پارٹی میں شامل ہوتے ہیں تو ڈرگز چینی کا پاؤڈر بن جائے گا۔‘‘ این سی پی لیڈر چھگن بھجبل نے مزید کہا کہ ’’گجرات کے مندرا بندرگاہ پر ضبط 3000 کلوگرام ہیروئن کے معاملے کی جانچ کرنے کی جگہ این سی بی شاہ رخ کا پیچھا کر رہا تھا۔‘‘

مہاراشٹر کے بیڈ ضلع میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھجبل نے یہ بیانات دیے۔ غور طلب ہے کہ این سی پی لیڈر نواب ملک نے بھی آرین خان ڈرگز کیس میں انچارج سمیر وانکھیڑے پر سنگین سوالات کھڑے کیے تھے۔ آرین کی گرفتاری سے جڑے معاملے میں این سی بی اور بی جے پی پر کئی سماجی و سیاسی ہستیاں سوال اٹھا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ آرین فی الحال عدالتی حراست میں آرتھر روڈ جیل میں بند ہیں۔ آرین کے ساتھ ساتھ ارباز مرچینٹ اور دھمیچا نے ضمانت کے لئے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی دی ہے جس پر 26 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ اس سے قبل تینوں کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے کہا تھا کہ وہاٹس ایپ چیٹ سے پہلی نظر میں لگتا ہے کہ وہ مستقل طور پر غیر قانونی ڈرگز کی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ڈرگ پیڈلر کے رابطے میں بھی تھے۔