ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ لیکن اس سے پہلے ہی اس میچ کا خمار لوگوں پر چھانے لگا ہے۔ ہند-پاک میچ کو لے کر پوری دنیا میں جوش دیکھنے کو ملتا ہے، اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی ’موقع-موقع‘ اشتہار نئے انداز میں لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

ہمیشہ ہند-پاک میچ سے پہلے ’موقع-موقع‘ اشتہار دیکھنے کو ملتا ہے، لیکن ٹی-20 عالمی کپ میں فتح ہندوستان کو ہی نصیب ہوتی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’موقع-موقع‘ اشتہار میں پاکستانی شائقین کو جیت کے لیے تڑپتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ ’اسٹار اسپورٹس‘ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے جو اشتہار ریلیز کیا ہے اس میں پاکستانی شائقین کے لیے ’بائی وَن بریک ون‘ آفر دیا گیا ہے۔

معاملہ کچھ یوں ہے کہ اشتہار میں پاکستانی شائقین دبئی کی ایک دکان میں ٹی وی خریدنے پہنچتا ہے۔ پھر پاکستانی شائقین دکان کے مالک کو بتاتا ہے کہ اس بار پاکستان کی بلے بازی مضبوط ہے۔ وہ بولتا ہے ’’بابر اعظم، محمد رضوان دبئی میں ایسے چھکے ماریں گے کہ دہلی کے شیشے ٹوٹیں گے۔ موقع چھین کے لیں گے۔‘‘ پھر ہندوستانی دکاندار پاکستانی شائقین کو ایک کی جگہ دو ٹی وی دیتا ہے، اور کہتا ہے ’’ٹی-20 عالمی کپ میں آپ ہم سے پانچوں بار ہارے ہو۔ اب پٹاخے تو پھوٹنے سے رہے، کچھ تو پھوڑو گے۔ ایک خریدو، دوسرا مفت میں توڑو۔‘‘