ایشیا کپ میں 28 اگست کی شام ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کا سبھی کو انتظار ہے۔ بچے-بڑے سبھی ایک ساتھ میچ سے لطف اندوز ہونے کی تیاری کر چکے ہیں۔ لیکن ایسے وقت میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر (این آئی ٹی سری نگر) نے ایک ایسی ہدایت جاری کی ہے جس نے ادارہ سے جڑے طلبا کو حیران کر دیا ہے۔ ادارہ نے اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ اتوار کو ہونے والا ہند-پاک میچ گروپ بنا کر نہ دیکھیں۔ اگر ایسا ہوا تو 5000 روپے کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر کی طرف سے جاری اس نوٹس میں ادارہ انتظامیہ نے طلبا کو میچ کے دوران اپنے کمروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طلبا ہند-پاک میچ سے متعلق کوئی پوسٹ سوشل میڈیا پر نہ ڈالیں اور کھیل کو ’کھیل کی شکل‘ میں ہی لیں۔ این آئی ٹی سری نگر کا کہنا ہے کہ ’’اگر کسی کمرے میں طلبا کا گروپ میچ دیکھتے پایا گیا تو جن طلبا کو وہ کمرہ الاٹ کیا گیا ہے انھیں ہاسٹل سے نکال دیا جائے گا۔ ساتھ ہی گروپ میں شامل سبھی طلبا پر کم از کم پانچ ہزار روپے کا جرمانہ لگایا جائے گا۔‘‘
غور طلب ہے کہ 2016 میں ٹی-20 عالمی کپ سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز سے ہندوستان کی شکست کے بعد این آئی ٹی میں زیر تعلیم دیگر ریاستوں اور مقامی طلبا کے درمیان مار پیٹ ہوئی تھی۔ اس کے بعد این آئی ٹی کئی دنوں تک بند رہا تھا۔