کرکٹ شیدائیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ خوشخبری یہ نہیں ہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شیڈیول جاری ہو گیا ہے، بلکہ اس سے بھی بڑی خبر یہ ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں تین مرتبہ مد مقابل ہو سکتی ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کا دو بار آمنے-سامنے ہونا تو تقریباً یقینی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ آخر یہ کیسے ممکن ہوگا۔

دراصل ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں گروپ-اے میں ہیں، جس میں تیسری ٹیم کا کوالیفائی کرنا ابھی باقی ہے۔ ہندوستان بمقابلہ پاکستان پہلا میچ تو 28 اگست کو ہونا طے ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا مقابلہ 4 ستمبر کو دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ گروپ-اے کی تین ٹیموں میں سے دو ٹیمیں سپر-4 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ان دونوں کا مقابلہ 4 ستمبر کو رکھا گیا ہے۔ اگر کوئی بہت بڑا الٹ پھیر نہیں ہوا تو ٹاپ کی دو ٹیمیں ہندوستان اور پاکستان کی ہی ہوں گی۔ تیسری ٹیم کے لیے یو اے ای، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے درمیان کوالیفائنگ مقابلہ کھیلا جانا باقی ہے۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تیسرا میچ فائنل کا ہو سکتا ہے جو کہ 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے دونوں ہی ٹیموں کو سخت محنت کرنی ہوگی۔ ہند-پاک کو گروپ-بی (سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش) سے سپر-4 میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو ہرانا ہوگا۔ یعنی 27 اگست سے شروع ہو کر 11 ستمبر تک چلنے والے ایشیا کپ میں تفریح کا ٹریپل ڈوز دیکھنے کو مل سکتا ہے۔