ایشیا کے پہلے ’فلوٹنگ تھیٹر‘ یعنی تیرتے سنیما ہال کا 29 اکتوبر کو سری نگر میں افتتاح ہو گیا۔ ڈَل جھیل میں شکارے پر بیٹھ کر فلم دیکھنے کا سوچ کر ہی ایک الگ لطف کا احساس ہوتا ہے۔ یہ تیرتا سنیما ہال آزادی کے 75 سال کے موقع پر منعقد مختلف تقاریب کے تحت شروع ہوا ہے۔ ڈَل جھیل میں ایک پرکشش تقریب کے دوران جب جمعہ کو اس کا افتتاح ہوا تو ایک سحر انگیز نظارہ تھا۔ ڈَل جھیل کے بیچوں بیچ بنے نہرو پارک میں سنیما ہال شروع کیے جانے سے قبل ’شکارا مہوتسو‘ کا بھی انعقاد ہوا۔ ڈَل جھیل کے اوپر ’لیزر لائٹ شو‘ نے تو جیسے سبھی کو مدہوش ہی کر دیا۔

ایشیا کے پہلے تیرتے تھیٹر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بالکل کھلی فضا میں موجود ہے۔ یعنی لوگ ڈَل جھیل کے درمیان تیرتے ہوئے فلم کا لطف اٹھا سکیں گے۔ ایک بڑے سے گھر نما کشتی کو ’فلم اسکرین‘ میں بدلا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک ساتھ سینکڑوں لوگ شکارے میں بیٹھ کر جھیل کے نظارے کے ساتھ فلم کا بھی مزہ لے سکیں گے۔ کشمیر کے محکمہ سیاحت کے سربراہ جی این اِٹّو کے مطابق سری نگر میں ایک ہفتہ تک چلی تقریب سے لوگوں میں اچھا پیغام گیا ہے۔ لوگوں میں کافی جوش دیکھا گیا اور امید ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ کشمیر آئیں گے۔ لوگوں کی آمد سے کشمیر میں رکے ترقیاتی کام بھی آگے بڑھیں گے اور روزگار کا راستہ بھی کھلے گا۔