پاکستان کے شہر کراچی میں سنیچر کی دوپہر زوردار دھماکہ میں کم از کم 12 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ مقامی پولس کے مطابق دھماکہ کراچی کے شیرشاہ علاقہ واقع پراچہ چوک پر ہوا۔ دھماکے میں درجن بھر افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے نصف کی حالت سنگین ہے۔ سبھی کا علاج مقامی اسپتالوں میں چل رہا ہے۔ پولیس افسر ظفر علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ ایک پرائیویٹ بینک کے نیچے واقع نالے میں ہوا۔ فی الحال دھماکہ کی وجہ پتہ نہیں چل سکی ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق پولس کا دعویٰ ہے کہ مقامی انتظامیہ نے نالے کی صفائی کرنے کے لیے نوٹس بھیجا تھا۔ احاطہ خالی نہ ہونے سے اس میں تاخیر ہوتی رہی۔ ایسا اندیشہ ہے کہ عمارت کے نیچے نالے میں گیسوں کے جمع ہونے سے دھماکہ ہوا۔ ایک پولس ترجمان نے بتایا کہ دھماکہ کی جانچ کے لیے ایک بم ڈسپوزل اسکواڈ بلایا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی دھماکہ سے متعلق حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔

اس زوردار دھماکہ میں بینک کی عمارت اور قریب میں موجود ایک پٹرول پمپ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکہ کے فوٹیج میں منہدم عمارت اور زمین پر پڑا ملبہ دکھائی دے رہا ہے۔ جائے حادثہ پر ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں بھی نظر آ رہی ہیں۔ کئی لوگوں کے ملبہ میں دبے ہونے کی بھی خبریں ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور پولس ٹیم کے ساتھ ساتھ سندھ رینجرس ملبہ ہٹانے اور واقعہ کی جانچ میں مصروف ہیں۔