گزشتہ روز کی ہی بات ہے جب جنوبی افریقہ کے کوازولو-نتال واقع پیٹرمیرٹسبرگ بار میں ہوئی فائرنگ کے واقعہ میں 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اور اب سنیچر کی دیر شب اندھادھند فائرنگ میں کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نصف شب کے بعد جوہانسبرگ واقع سوویٹو کے ایک بار میں گھسے اور فائرنگ شروع کر دی۔ واقعہ کو انجام دینے کے بعد حملہ آور سفید رنگ کی ٹویوٹا کوانٹم منی بس میں سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ میں درجن بھر لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔

’دی سن‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق گوتینگ پولس کمشنر الیاس ماویلا نے اتوار کی صبح اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’شروعاتی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ بار میں جشن منا رہے تھے۔ اچانک حملہ آور اندر آئے اور ان پر بے ترتیب ڈھنگ سے گولی چلانے لگے۔‘‘ الیاس نے مزید بتایا کہ ’’یہ واقعہ رات تقریباً 12.30 بجے کا ہے۔ 12 لوگوں کی موت موقع پر ہی ہو گئی اور اسپتال پہنچنے پر مزید ایک شخص کی جان چلی گئی۔ ایک کی موت اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ہوئی۔‘‘

غور طلب ہے کہ گزشتہ مہینے جنوبی افریقہ کے ساحلی شہر ایسٹ لندن کے ایک نائٹ کلب میں اتوار کی علی الصبح کم از کم 21 نوجوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ حالانکہ اموات کی وجہ پتہ نہیں چل سکی۔ سبھی اسکول کا امتحان ختم ہونے کا جشن منانے کلب گئے تھے۔