ہندوستان میں کورونا کا قہر اس وقت سب سے زیادہ مہاراشٹر میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایسے میں ریاستی حکومت اور انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جائے۔ اس تعلق سے پونے ضلع نے ایک دلچسپ مقابلہ شروع کیا ہے تاکہ لوگوں میں بیداری پیدا کر کورونا پر قدغن لگایا جائے۔ اس مقابلہ کو نام دیا گیا ہے ’کووڈ فری ولیج کانٹیسٹ‘۔ اس کے تحت جیتنے والے گاؤں کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے ضلع میں کورنا سے پاک ضلع بننے کے لیے مقابلہ 10 جنوری سے شروع ہو چکا ہے جو 15 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس مقابلہ میں پونے ڈویژن کے تین سب سے بہترین کارکردگی والے گاؤں کو ریاستی حکومت کے ذریعہ ترقیاتی فنڈ کی شکل میں نقد انعام دیا جائے گا۔ پہلے مقام پر رہنے والے گاؤں کو 50 لاکھ روپے، دوسرے مقام پر رہنے والے گاؤں کو 25 لاکھ روپے، اور تیسرے مقام پر رہنے والے گاؤں کو 15 لاکھ روپے کی رقم ملے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس مقابلہ سے متعلق ضلع انتظامیہ کی جانب سے گائیڈلائنس جاری کر دیے گئے ہیں۔ مقابلہ میں 22 پیمانے طے کیے گئے ہیں جس کی بنیاد پر گاؤوں کی کارکردگی کی پیمائش ہوگی۔ پونے ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو افسر آیوش پرساد کا کہنا ہے کہ دیہی علاقے کو کورونا سے پاک کرنے اور بہتر کووڈ مینجمنٹ کو فروغ دینے کے لیے یہ مقابلہ شروع کیا گیا ہے۔