اسلام میں نماز فرض ہے۔ لیکن مسلمانوں کی بڑی آبادی اس فرض سے منھ موڑے نظر آتی ہے۔ نماز سے غافل لوگوں کے لیے دنیا کے کئی ممالک میں تبلیغ کا کام مختلف مذہبی اداروں کی طرف سے کیا جاتا رہا ہے۔ کئی بار لوگوں میں نماز کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لیے پرکشش انعامات کا اعلان بھی کیا جاتا ہے۔ کچھ ایسی ہی کوشش ملیشیا کے شہر ملاکا میں کی جا رہی ہے۔ وہاں مسجد نور الصداح میں پابندی کے ساتھ نماز پڑھنے والوں کو چمچماتی ہوئی نئی بائک انعام میں دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ اس کے لیے مسجد انتظامیہ نے کچھ شرائط و ضوابط بھی رکھے ہیں۔
مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص لگاتار 40 دن تک مسجد میں آ کر نماز ادا کرے گا تو اسے نئی بائک مفت دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ آفر آئندہ یکم مارچ سے 9 اپریل تک کے لیے رکھا گیا ہے۔ یعنی یکم مارچ سے 9 اپریل تک 40 دن پابندی کے ساتھ مسجد الصداح میں نماز پڑھنے والوں کو بطور انعام بائک دیا جائے گا۔ شرائط کے مطابق نمازیوں کو صبح اور رات کی نمازوں میں خصوصی طور پر شامل ہونا ہوگا اور ناغہ ہونے پر وہ انعام سے محروم رہ جائے گا۔ چار الگ الگ سطح پر یہ مقابلہ منعقد کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ میں مسجد کے قریب رہنے والے لوگ، دوسرے گروپ میں باہری علاقے کے لوگ، تیسرے اور چوتھے گروپ میں خواتین اور مسجد کے اسٹاف شامل ہوں گے۔