آسٹریلیا کی سینئر ٹیم 24 برسوں کے بعد پاکستان کے دورہ پر روانہ ہو گئی ہے۔ آخری بار 1997 میں میں کنگاروؤں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس طویل مدت میں کئی مرتبہ آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کی کوشش ہوئی لیکن وہاں کے ناخوشگوار حالات اور کھلاڑیوں کے تحفظات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکا۔
پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کی لگاتار کوششیں کی جا رہی ہیں جس کی ایک اہم کڑی 24 برسوں بعد سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل آسٹریلیائی ٹیم کا پاکستانی دورہ ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسی بڑی ٹیموں نے عین وقت پر پاکستان کا دورہ رد کر کے پی سی بی کو بڑی مشکل میں ڈال دیا تھا۔ لیکن اب آسٹریلیا کا دورہ ان کے لیے راحت کی بات ثابت ہو سکتی ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم وہاں 3 ٹیسٹ، 3 ونڈے اور 1 ٹی-20 مقابلہ کھیلے گی۔ دورے کی شروعات 4 مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ سے ہوگی۔
پاکستان روانہ ہونے کے موقع پر اسٹار بلے باز ڈیوڈ وارنر نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’فیملی کو ’گڈ بائے‘ بولنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ ہم نے کچھ مہینوں میں بہت مزے کیے ہیں۔ لیکن اب کچھ ہفتوں کے لیے کرکٹ کے میدان پر واپسی کا وقت آ گیا ہے۔ ہم پھر سے ملیں گے۔ مجھے آپ سبھی کی بہت یاد آئے گی۔‘‘ وارنر کی اہلیہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’’ہم دوبارہ کھیلتے ہوئے دیکھنے کا انتظار نہیں کر پا رہے، ہمیں آپ کی بہت یاد آئے گی۔ ڈھیر سارا پیار۔‘‘