طویل عرصے بعد آسٹریلیا کی میزبانی کر رہے پاکستان کے لیے ایک اور مشکل سامنے آ گئی ہے۔ دراصل پاکستان میں جاری سیاسی ہنگامے کا اثر اس سیریز پر بھی پڑ گیا ہے اور اس وجہ سے اس دورے پر ہونے والے ونڈے اور ٹی-20 سیریز کے میچوں کو راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع پاکستان کے وزیر راشد احمد نے خود دی ہے۔ پی سی بی کو یہ فیصلہ عمران خان کے آس پاس کے حالات کے پیش نظر لینا پڑا ہے کیونکہ مشترکہ اپوزیشن 28 مارچ کو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والا ہے۔
ایک نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کے وزیر راشد احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں چل رہے سیاسی تناؤ کی وجہ سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ونڈے اور ٹی-20 میچوں کو راولپنڈی سے لاہور شفٹ کر دیا گیا ہے۔ میچوں کی لاہور منتقلی کے سلسلے میں پی سی بی نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’لاہور کا قذافی اسٹیڈیم استقبال کیلئے تیار ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ ابھی تک اس دورہ میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں اور دوسرا کراچی میں کھیلا گیا، لیکن دونوں ہی ڈرا رہے۔ تیسرا ٹیسٹ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 29 مارچ سے تین میچوں کی ونڈے سیریز ہوگی۔ اس کے بعد 5 اپریل کو واحد ٹی-20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔ پہلے یہ سبھی مقابلے راولپنڈی میں ہونے تھے لیکن اب نئے پروگرام کے مطابق لاہور میں کھیلے جائیں گے۔