ہندوستانی ٹیم نے 20 فروری کو کھیلے گئے آخری ٹی-20 مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ونڈے کے بعد ٹی-20 سیریز میں بھی کلین سوئپ کیا۔ اس میچ میں تیز گیندباز اویس خان کو بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کا موقع ملا۔ اویس خان اندور کے رہنے والے ہیں اور اسی شہر سے تعلق رکھنے والے وینکٹیش ایر بھی میچ کھیل رہے تھے جو ان کے بچپن کے دوست ہیں۔ وینکٹیش نے میچ میں شاندار مظاہرہ کیا اور بعد میں انہوں نے اپنے دوست اویس خان کا انٹرویو بھی لیا۔
وینکٹیش نے اویس سے پوچھا کہ ٹیم ہرڈل میں آپ کو ڈیبیو کیپ ملی، یہ منظر دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ آپ کو تھوڑی نروسنیس تو ہوئی ہوگی؟ اویس نے جواب دیا کہ ’’میچ میں جب مجھے پتہ چلا کہ میں کھیل رہا ہوں تو تھوڑی گھبراہٹ تو ہوئی، کیونکہ جس کے لیے آپ محنت کر رہے ہیں وہ خواب پورا ہونے والا ہے۔‘‘ اویس نے آگے کہا کہ ’’کپتان روہت شرما نے انہیں اچھا بیک کیا اور راہل دراوڑ نے انہیں ڈیبیو کو انجوائے کرنے کے لیے کہا۔‘‘
اویس خان نے ڈیبیو میچ کی خاص اہمیت کے بارے کہا کہ میں آگے بھی بہت میچ کھیلوں گا لیکن آج کا دن واپس نہیں آئے گا، میں نے ایسے میں میچ سے کافی لطف اٹھایا۔‘‘ اس دوران وینکٹیش نے بھی مشکل حالات میں گیندبازی کرنے پر اپنے دوست اویس کی تعریف کی۔ ویسے میچ میں اویس نے 4 اوور میں 42 رن خرچ کر دیے اور انھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔