علی گڑھ: 29 دسمبر بروز جمعرات شعبۂ اردو، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ریسرچ اسکالر محترمہ نیلوفر کو ’اردو افسانہ: موضوعات اور اسالیب – 1960 تا حال‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ ان کا آن لائن وائیوا پروفیسر شہاب عنایت ملک، شعبہ اردو، جموں یونیورسٹی نے لیا۔ وائیوا میں صدر شعبہ اردو، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر محمد علی جوہر شریک رہے، جبکہ ان کے نگراں اردو کے معروف شاعر و نقاد ڈاکٹر مشتاق صدف نے دوشنبہ، تاجکستان سے آن لائن شرکت کی۔ یہ وائیوا انتہائی کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔

پروفیسر شہاب عنایت ملک نے نیلوفر کے اس موضوع کو کافی پسند کیا اور اسے کتابی شکل میں پیش کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ پروفیسر محمد علی جوہر کے ساتھ اردو کے کئی اساتذہ نے نیلوفر کو ان کی اس کامیابی کے لیے دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شعبہ کے متعدد اسکالرز بھی موجود رہے۔

پی ایچ ڈی کے اس مقالے میں نیلوفر کے ذریعہ اردو افسانے کی روایت، ارتقا، فنی تشکیل، مغربی اور مشرقی افسانوں کے موضوعات، اسالیب، تکنیک اور ان کے اثرات کے ساتھ ساتھ معاصر اردو افسانہ میں موضوع کا تنوع، تفہیم و تعبیر، اسلوب و تکنیک کے تجربات اور ان کے مسائل و اہمیت پر تحقیق و تنقید کی روشنی میں مدلل گفتگو کی گئی ہے۔ غور طلب یہ ہے کہ رواں سال یعنی 2022 میں ہی محترمہ نیلوفر کی اولین کتاب ’کوشش ناتمام‘ (مختلف مضامین کا مجموعہ) بھی شائع ہو کر منظر عام پر آئی ہے۔