ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان سے شکست کے بعد ہندوستان کے لیے آئندہ میچ بہت اہم ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 31 اکتوبر کو ہونے والے میچ میں فتح کے لیے ہندوستانی ٹیم کمر بستہ نظر آ رہی ہے۔ اس درمیان ہندوستان کے سابق کپتان اظہرالدین کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے کو بے حد اہم قرار دیتے ہوئے ٹیم میں ضروری بدلاؤ کا مشورہ دیا ہے۔
اظہرالدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Koo پر لکھا ہے کہ ’’ہمیں اتوار کو اعتماد کے ساتھ اور پوری طاقت کے ساتھ میدان پر اترنا چاہیے۔ مجھے ذاتی طور پر لگتا ہے کہ اگر پانڈیا اَن فٹ ہیں تو ایشان کشن کو کھیلنا چاہیے۔ اور چکرورتی کی جگہ اَشون کو 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔‘‘ اظہر کے اس مشورہ پر کئی لوگوں نے اتفاق کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح ہو کہ ہاردک پاندیا نے نیٹ پریکٹس کے دوران گیندبازی کی تھی لیکن فٹ نیس کے معاملے میں مسئلہ اب بھی برقرار ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف وہ گیندبازی کر پائیں گے یا نہیں، اس پر تذبذب ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں اسپنر ورون چکرورتی بے حد اوسط درجے کے گیندباز ثابت ہوئے۔ اسی لیے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم میں اشون کو شامل کیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔ بہر حال، ہندوستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے لیے 31 اکتوبر کا مقابلہ کافی اہم ہے۔ فاتح ٹیم کے لیے سیمی فائنل کا راستہ آسان ہو جائے گا۔