’باہوبلی‘ سیریز سے پوری دنیا میں شہرت حاصل کرنے والے ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی شاہکار ’آرآرآر‘ تھوڑی تاخیر کے بعد 25 مارچ  کو ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔ یہ راجامولی کی سب سے مہنگی فلم ہے۔ اس کا بجٹ 336 کروڑ روپے ہے جس میں اداکاروں اور اسٹاف ممبر کی فیس شامل نہیں ہے۔ اس فلم پر ’باہوبلی 2‘ کے بجٹ سے تقریباً 100 کروڑ روپے زیادہ کا خرچ آیا ہے۔ ’آرآرآر‘ پر 336 کروڑ روپے خرچ ہونے کی بات کا انکشاف آندھرا پردیش کے وزیر پریرنی نانی نے کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے نانی نے کہا ’’ہمیں RRR کے میکرس سے درخواست ملی ہے۔ اس اطلاع کے مطابق پروڈیوسرس نے جی ایس ٹی اور کاسٹ اینڈ کرو کی تنخواہ کو ہٹا کر، فلم پر 336 کروڑ روپے خرچ کیا ہے۔ اس فائل کو وزیر اعلیٰ کے پاس جلد بھیجا جائے گا اور اس فلم کے ٹکٹ کی قیمت میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔‘‘ ذرائع کے مطابق حکومت نے تھیٹرس کو ’آرآرآر‘ کے ایک ٹکٹ پر 75 روپے زیادہ کاٹنے کی اجازت دی ہے۔

’باہوبلی-دی کنکلوزن‘ کے بجٹ کی بات کریں تو اس پر 250 کروڑ روپے کا خرچ آیا تھا۔ اس میں اہم کردار ادا کرنے والے پربھاس کو 25 کروڑ روپے اور رانا دگّوبتی کو 15 کروڑ روپے ملے تھے۔ ہدایت کار ایس ایس راجامولی کو 28 کروڑ روپے فیس کی ادائیگی ہوئی تھی۔ غور طلب ہے کہ کورونا کی تیسری وبا کی وجہ سے ’آرآرآر‘ کی ریلیز کو جنوری میں ٹال دیا گیا تھا۔