آپ نے جڑواں بچوں کی پیدائش، یا پھر ایک ساتھ چار، پانچ، یہاں تک کہ 9 بچوں کی پیدائش کی خبریں بھی سنی ہوں گی۔ لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ایک نوزائیدہ بچہ کے پیٹ میں بچہ پرورش پا سکتا ہے۔ ایسا معاملہ بہار کے موتیہاری ضلع میں سامنے آیا ہے۔ ’آج تک‘ پر شائع ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ حاملہ خاتون نے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ اسے جب پیٹ میں تکلیف ہوئی تو موتیہاری کے رحمانیہ میڈیکل سنٹر لے جایا گیا۔ سی ٹی اسکین میں ڈاکٹروں کو جب یہ پتہ چلا کہ بچے کے پیٹ میں ایک بچہ پرورش پا رہا ہے، تو وہ حیران رہ گئے۔
اب یہ خبر علاقے میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ بچے کے والدین اور رشتہ دار و مقامی لوگ حیرت میں ہیں کہ آخر بچے کے پیٹ میں بچہ کس طرح پرورش پا سکتا ہے۔ حالانکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ کوئی عجوبہ نہیں ہے، ایسے کیسز پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ بایولوجیکل کمی کے سبب اس طرح کے معاملے دیکھنے کو ملتے ہیں۔
رحمانیہ میڈیکل سنٹر کے ڈاکٹر تبریز عزیز کا کہنا ہے کہ طبی زبان میں اسے ’فٹس اِن فٹو‘ یعنی بچے کے پیٹ میں بچہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ اپنی طرح کا نایاب معاملہ ہے جو 5 لاکھ میں سے کسی ایک بچہ میں پایا جاتا ہے۔ بچے کا آپریشن کر پیٹ میں موجود جنین (بچہ) کو نکال دیا گیا ہے اور نوزائیدہ بچہ اب صحت مند ہے۔