’بجرنگی بھائی جان‘ کے سیکویل کے بعد سلمان خان کی ایک اور سپرہٹ فلم ’نو اِنٹری‘ کے دوسرے پارٹ کی خبر بالی ووڈ گلیاروں میں سرخیوں میں ہے۔ پہلے فلم میں ڈیزی شاہ کے ہونے کی بات سامنے آ رہی تھی، لیکن اب ڈیزی کے لیے بُری خبر ہے کیونکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ’نو انٹری-2‘ میں انہیں اِنٹری نہیں ملی ہے۔ ڈیزی سلمان کی اچھی دوست مانی جاتی ہیں اس لیے امید کی جا رہی تھی کہ انہیں اس فلم میں جگہ مل جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔
پہلے پارٹ میں لوگوں کو ہنسی سے لوٹ پوٹ کر دینے والے سلمان خان، انل کپور اور فردین خان کو ’نوانٹری-2‘ کے لیے سائن کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر اداکاروں کے انتخاب پر ابھی غور ہو رہا ہے۔ ’نوانٹری-2‘ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں انل، سلمان اور فردین ٹریپل رول میں نظر آنے والے ہیں جس میں ان کے ساتھ ہوں گی 10 اداکارائیں۔ فلم میں ہر کردار کے اپوزٹ ایک ہیروئن کو لیا جائے گا۔ ان میں کنفیوزن تب پیدا ہوگا جب ان کے درمیان ایک 10ویں کلاس کی لڑکی کی اِنٹری ہوگی۔
فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں ڈائریکٹر انیس بزمی نے ابھی صاف طور پر کچھ نہیں کہا ہے، لیکن امید کی جا رہی ہے کہ سلمان ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ کی شوٹنگ کے بعد اس فلم کو اپنا وقت دیں گے۔ ان دنوں وہ ٹائیگر-3 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ گویا کہ ’نواِنٹری-2‘ کے لیے تھوڑا صبر کرنا ہوگا۔