معروف گلوکار اور موسیقار بپی لاہڑی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں، اب ان کی یادیں ہی باقی ہیں۔ بپی لاہڑی اپنے ڈسکو سانگس، گانے کے منفرد انداز کے ساتھ ساتھ ایک خاص چیز کی لئے بھی جانے جاتے تھے، وہ ہےسونا۔ فلموں سے جڑا ہر شخص ان کے گولڈ سے لگاؤ سے واقف تھا۔ بپی دا کو گولڈ سے اتنی محبت تھی کہ وہ ہمیشہ چاہے گھر پر ہوں یا کسی ایونٹ میں اسے پہنے رہتے تھے۔ انکے پاس گولڈ کا کافی کلیکشن ہو چکا تھا۔ انتقال کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا کہ ان کے گولڈ کلیکشن کا کیا ہوگا؟ اب ان کے بیٹے بپا لاہڑی نے اس سلسلے میں ایک خاص منصوبے کی جانکاری دی ہے۔
بپا لاہڑی نے ایک انٹرویو میں کہا ’میرے والد کبھی سونے کے بغیر سفر نہیں کرتے تھے، اگر ان کی صبح 5 بجے کی فلائٹ بھی ہوتی تھی تب بھی وہ پورا سونا پہنتے تھے، اب ان کے جانے کے بعد ان کے سونے کو میوزیم میں رکھا جائے گا تاکہ وہاں لوگ ان کی یادوں کو دیکھ سکیں۔‘ بپا نے مزید بتایا کہ بپی لاہڑی کے پاس جوتے، چشمے، ہیٹس، گھڑیوں اور جوئیلری کا ایک بڑا کلیکشن تھا، جسے ہم سبھی کو دکھانا چاہتے ہیں اس لئے یہ سب چیزیں میوزیم میں رکھی جائیں گی۔
واضح ہو کہ چلتے چلتے، ڈسکو ڈانسر، تمّاتمّا، او لال ڈپٹّے والی، تُونے ماری انٹریاں اور شرابی جیسے سپرہٹ گانا دینے والے بپی لاہڑی کی ہڈیاں انتقال کے کچھ دنوں بعد ہگلی ندی میں بہا دی گئیں ہیں۔