بیرون ممالک سے تو مہاتما گاندھی کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کی خبریں وقتاً فوقتاً سامنے آتی ہی رہتی ہیں، ہندوستان میں بھی باپو کی بے عزتی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بہار کے چمپارن میں گزشتہ دنوں مہاتما گاندھی کا مجسمہ توڑنے کا معاملہ پیش آیا تھا، اور اب چمپارن واقع موتیہاری میں ہی باپو کے مجسمہ پر کسی نے شراب کے ریپر کی مالا ڈال دی۔

’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق موتیہاری ضلع کے گاندھی گھاٹ پر واقع گاندھی کے مجسمہ کو شراب کے ریپر سے تیار مالا پہنا کر انھیں بے عزت کیا گیا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ بہار میں مکمل شراب بندی نافذ ہے اور موتیہاری میں اسی شراب کا استعمال باپو کی بے عزتی کے لیے کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہاتما گاندھی نے جس تاریخی نیم کے درخت سے چمپارن ستیاگرہ کا آغاز کیا تھا، وہیں گاندھی گھاٹ پر نصب ان کا مجسمہ شرابیوں کی بدعملی کا شکار بنا۔ اس عمل سے مقامی عوام انتہائی غصے میں ہیں اور انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس درمیان موتیہاری کے صدر ایس ڈی ایم سمن سوربھ یادو نے معاملے کی تصدیق کی اور کہا کہ دو دن قبل شرارتی عناصر کے ذریعہ گاندھی جی کی مورتی کے ساتھ یہ غلط سلوک کیا گیا تھا۔ حالانکہ خبر ملتے ہی ترکولیا پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مالا کو وہاں سے ہٹا دیا۔ ضلع مجسٹریٹ اور پولس سپرنٹنڈنٹ نے معاملے کی جانچ کی ہدایت دے دی ہے۔