نئی دہلی: ’بزم دوستاں‘ کے زیر اہتمام ڈاکٹر عبدالحئی، ڈاکٹر حافظ محمد عمران اور محمد اعظم ایوبی کے دہلی آمد پر روز اپارٹمنٹ، ڈی۔5، اوکھلا وہار، جامعہ نگر میں استقبالیہ جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ تینوں حضرات صوبہ بہار کے شہر دربھنگہ، جہان آباد اور مونگیر میں حالیہ دنوں اُردو لکچرشپ کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
جلسے کے آغاز میں پروفیسر شہزاد انجم نے تینوں مہمانان کا استقبال کیا اور فرمایا کہ ’بزم دوستاں‘ کے زیر اہتمام ادبی جلسے کا انعقاد پابندی سے کیا جاتا تھا، مگر کووڈ کی وجہ سے یہ سلسلہ رک سا گیا۔ اب حالات کے معمول پر آنے کے بعد اس سلسلے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ تمام مہمانان کی آمد پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر شہزاد انجم نے فرمایا کہ ’’اردو کا مستقبل نئی نسل کے ہاتھوں میں ہے۔ نوجوان اسکالرز اپنے علمی و تحقیقی اور تخلیقی کاموں کی وجہ سے ملک میں اپنا نام روشن کر سکتے ہیں اور ادب کی خدمت بحسن و خوبی انجام دے سکتے ہیں۔‘‘
اس موقع پر ادب کی موجودہ صورت حال پر شرکائے محفل ڈاکٹر عبدالحئی، ڈاکٹر حافظ محمد عمران، ڈاکٹر اعظم ایوبی، ڈاکٹر زاہد ندیم احسن، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر آس محمد صدیقی، ڈاکٹر محمد علام الدین، تجمل حسین، عبداللہ منیر العالم، وسیم احمد اور اقبال حسین نے مثبت گفتگو کی۔ قابل ذکر یہ ہے کہ اس پروقار تقریب میں معروف فکشن نویس رحمان عباس کے نئے ناول ’زندیق‘ کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔