بالی ووڈ اداکار زائد خان 5 جولائی کو اپنی 42ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ فلمی بیک گراؤنڈ ہونے کے باوجود انھیں فلموں میں کامیابی نہ ملنے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے ایک وجہ ان کا غلط تلفظ ہے۔ فلموں میں ڈائیلاگ بولنے کے دوران وہ الفاظ کی صحیح ادائیگی نہیں کر پاتے۔ خصوصاً اردو الفاظ بولنے میں انھیں کافی دقت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان نے ایک بار زائد خان کو زبردست ڈانٹ لگائی تھی۔
دراصل قصہ فلم ’میں ہوں نہ‘ کے دوران کا ہے۔ محبوب اسٹوڈیو میں زائد اور شاہ رخ ایک جذباتی منظر کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ زائد کو صرف چار سطور کے ڈائیلاگ بولنے تھے جس میں انھیں کامیابی نہیں مل رہی تھی۔ چار سطور میں کچھ ایسے اردو الفاظ تھے جنھیں وہ ٹھیک سے بول نہیں پا رہے تھے اور یہ دیکھ کر شاہ رخ انتہائی ناراض ہوئے۔ انھوں نے یہاں تک کہہ ڈالا کہ ’’تم مسلمان ہو، تم کو اردو آنی چاہیے، لعنت ہے تم پر۔ تمھاری تو زبان صاف ہونی چاہیے، لیکن تم لوگوں نے انگلش بول بول کر زبان خراب کر لی ہے۔‘‘
بتایا جاتا ہے کہ جب تک زائد خان نے ڈائیلاگ صحیح تلفظ کے ساتھ نہیں بولے، شاہ رخ ان سے بار بار اس منظر کی شوٹنگ کرواتے رہے۔ اس چھوٹے سے منظر کی شوٹنگ میں پورا ایک دن ختم ہو گیا تھا۔ غالباً یہی وجہ ہے کہ فلم ’میں ہوں نہ‘ کی کامیابی کے باوجود پھر کبھی زائد اور شاہ رخ ساتھ دکھائی نہیں دیے۔