روف گارڈننگ یعنی چھتوں پر پھول یا سبزی اگانا اب عام بات ہے۔ کئی لوگ روف گارڈن بنانا تو چاہتے ہیں، لیکن مصروفیت کی وجہ سے اپنی خواہش پوری نہیں کر پاتے۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ آپ گھر سے باہر رہیں تو پودوں کو پانی کون دے گا۔ مغربی بنگال کے مشرقی وردھمان واقع جھاپان تلا علاقہ میں رہنے والے سنَت کمار سنگھ کے ساتھ بھی یہی مسئلہ تھا۔ لیکن انھوں نے اپنے دوست شوبھراج ملک کے ساتھ مل کر اس مسئلہ کا حل نکال لیا ہے۔ انھوں نے تقریباً 25 ہزار کے خرچ سے وائی فائی سے کنٹرول کیا جانے والا روف گارڈن تیار کیا ہے جس میں موبائل کا استعمال کر کہیں سے بھی آبپاشی کی جا سکتی ہے۔
سنت کمار دراصل ’بدھان چندر کرشی وشوودیالیہ‘ کے کرشی کالج (وردھمان برانچ) میں ملازم ہیں۔ وہ دن کا بیشتر وقت دفتر میں گزارتے ہیں۔ ایسے میں روف گارڈننگ کی دیکھ بھال کرنا مشکل ہو رہا تھا۔ خصوصاً روزانہ پودوں کو وقت پر پانی دینا بڑا مسئلہ تھا۔ پھر شوبھراج ملک نے اس مسئلہ کا حل نکالا۔
شوبھراج الیکٹرانکس اور آئی او ٹی سے جڑے ہوئے ہیں۔ انھوں نے موبائل، راؤٹر، سی سی ٹی وی کیمرہ اور کچھ دیگر سامانوں سے آٹومیٹک واٹر سسٹم تیار کیا۔ اس کی مدد سے وائی فائی اور موبائل کے ذریعہ دور سے ہی پودوں کو پانی دیا جا سکتا ہے۔ سنَت کا کہنا ہے کہ ’’وہ سینکڑوں کلومیٹر دور ہونے پر بھی موبائل کے ایک کلک سے پانی کا چھڑکاؤ کر سکتا ہے۔‘‘