کانگریس کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب بنگلورو کورٹ نے اپنے ایک حکم میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا ٹوئٹر ہینڈل بلاک کرنے کے لیے کہا۔ ساتھ ہی بنگلورو کورٹ نے کانگریس کا آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل بلاک کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ یہ کارروائی فلم ’کے جی ایف‘ بنانے والوں کی طرف سے کی گئی شکایت کے بعد ہوئی ہے۔
دراصل کانگریس کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت شکایت درج کی گئی تھی۔ ایم آر ٹی میوزک کا کہنا ہے کہ کانگریس نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لیے جو مارکیٹنگ ویڈیوز تیار کیے ہیں، اس میں ان کی فلم کے گانوں کا استعمال ہوا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں عدالت نے آج اپنا فیصلہ صادر کر دیا۔ اس میں کہا گیا کہ عرضی دہندہ کے ذریعہ سی ڈی کے ذریعہ یہ ثابت کیا گیا ہے کہ آریجنل ورژن کا استعمال کچھ معمولی تبدیلی کے ساتھ ہوا ہے۔
بنگلورو کورٹ نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اس طرح کی مارکیٹنگ ویڈیوز پائریسی کو فروغ دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے حکم میں صاف لفظوں میں کہا گیا ہے کہ کانگریس اور بھارت جوڑو یاترا کے ٹوئٹر ہینڈل سے ان ویڈیوز کو ہٹایا جائے جہاں یہ گانے استعمال ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں کے ہی ٹوئٹر ہینڈل کو بھی بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ ایم آر ٹی میوزک نے ’کے جی ایف 2‘ کے میوزک رائٹس کے حقوق حاصل کرنے کے لیے بڑی رقم خرچ کی ہے۔