اگر آپ بینک میں سرکاری ملازمت حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کے لیے بہترین موقع سامنے آیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن، ریجنل رورل بینک نے کلرک، پی او، ایس او کے لیے خالی جگہ کو بھرنے کے مقصد سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اہل اور خواہش مند امیدوار اس کے لیے آن لائن درخواست جمع کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری کے لیے آفیشیل ویب سائٹ ibps.in پر جاری نوٹیفکیشن کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ریجنل دیہی بینکوں میں 8081 ایسے عہدے ہیں جن کے لیے اہل امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ سبھی عہدوں کے لیے الگ الگ ضابطے ہیں اور امیدوار جس عہدے کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں اس کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل کر لیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن، ریجنل رورل بینک بھرتی میں 43 بینک شامل ہوں گے۔ سبھی بینکوں میں ہر عہدے کے لیے الگ الگ تقرریاں ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رجسٹریشن شروع ہونے کی تاریخ 7 جولائی 2022 اور درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 27 جولائی 2022 ہے۔ پری-اگزام ٹریننگ کا انعقاد 23-18 جولائی 2022 تک ہوگا اور آن لائن امتحان اگست 2022 میں لیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آفیسر اسکیل وَن، ٹو، تھری اور آفس اسسٹنٹ عہدوں کے لیے ایس سی، ایس ٹی، پی ڈبلیو ڈی کیٹگری کے تحت درخواست کرنے والے امیدواروں کو فیس کی شکل میں 175 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ دیگر سبھی کو بطور فیس 850 روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔