پچھلے کچھ سالوں سے ٹی وی ناظرین کی پہلی پسند بنا مزاحیہ سیریل ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ لوگوں کو خلاء کی سیر کرانے والا ہے۔ جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے۔ اب انگوری بھابھی اور گوری میم کا جلوہ مریخ پر بھی دیکھنے کو ملے گا۔ فلموں اور ویب سیریز میں تو پہلے بھی خلاء سے متعلق کئی کہانیاں دکھائی گئی ہیں، جس میں ویزوئل افیکٹس اسے حقیقی بنا دیتے ہیں۔ لیکن ہندوستانی ٹی وی کی تاریخ میں شاید ایسا پہلی بار ہوگا جب کسی کہانی کا مرکز ’مریخ‘ ہوگا۔
’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ کے آئندہ ایپی سوڈ کی کہانی کی بات کریں تو اس میں ایک ایلین انگوری بھابھی کو اغوا کر کے اپنے سیارے پر لے جاتا ہے۔ اس پورے پس منظر کو بہت ہی مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے جسے دیکھنے کے لیے لوگ ابھی سے بے چین ہیں۔
’مریخ‘ والے سیکوینس میں مرکزی کردار نبھانے والی شبھانگی اَترے اپنے اس کردار کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا ’’اسپیس کانسیپٹ شاندار ہے اور اس میں لوگوں کو بہت دلچسپی رہتی ہے۔ مجھے بھی بچپن سے خلاء کی چیزیں راغب کرتی رہی ہیں اور اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کے لیے متجسس رہتی ہوں۔‘‘ شبھانگی نے مزید کہا کہ ’مارس سیکوینس‘ کے بارے میں مجھے جب بتایا گیا تو ایسا لگا کہ میرا کوئی خواب سچ ہو گیا۔ لوگوں کو اب اس خلائی ایپی سوڈ کا بے صبری سے انتظار ہے۔