اپنی پہلی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ بھاگیہ شری کی بیٹی اونتکا دسانی بھی ہندی فلموں میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔ فلم شائقین کو اب بے صبری سے انتظار ہے کہ بھاگیہ شری کی بیٹی کب اپنے پہلے پروجیکٹ کا اعلان کریں گی۔

دراصل کچھ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ اونتکا دسانی جلد ہی او ٹی ٹی سے اپنا ڈیبیو کرنے والی ہیں۔ وہ زی-5 پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’متھیا‘ میں نظر آئیں گی جس میں ہما قریشی مرکزی کردار ادا کرتی ہوئی دکھائی دیں گی۔ اگر اونتکا اس ویب سیریز کے ذریعہ اپنی اداکاری سے لوگوں کو متاثر کرتی ہیں تو مستقبل میں انہیں اہم کرداروں کے لیے بڑے بڑے پروجیکٹ ہاتھ لگ سکتے ہیں۔

اونتکا کی بات کریں تو وہ اپنی والدہ کی طرح ہی بے حد خوبصورت ہیں۔ ساتھ ہی ماحولیات سے محبت کرتی ہیں اور فطرت کی خوبصورتی کے درمیان رہنا پسند کرتی ہیں۔ اس کی جھلک ان کی شیئر کی گئیں تصاویر میں ملتی ہیں جس میں وہ منفرد انداز میں فطرت کا لطف اٹھاتی دیکھی جا سکتی ہیں۔ سارہ علی خان اور جہانوی کپور کی طرح ہی اونتکا سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ ہی دنوں میں ہی ان کے 71 ہزار سے زیادہ فالوورس ہو چکے ہیں۔ وہ بالی ووڈ کی مشہور ہستیوں امیتابھ بچن، میرا نائر، انوراگ کشیپ، فرحان اختر، پنکج ترپاٹھی، رسیکا دُگل، تاپسی پنو جیسی شخصیات کو فالو بھی کرتی ہیں۔