کم لوگوں کو ہی یہ معلوم ہوگا کہ بھوجپوری فلموں کی مشہور اداکارہ رانی چٹرجی مسلم طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا اصل نام صاحبہ شیخ ہے، اور قانونی دستاویزات میں ان کی پہچان بھی یہی ہے۔ پھر انھیں رانی چٹرجی نام کیسے مل گیا؟ کیا انھوں نے فلم انڈسٹری میں آنے کے بعد اپنی مسلم شناخت چھپانے کی کوشش کی؟ یا پھر انھیں کسی طرح کا خوف تھا کہ اپنا اصل نام صاحبہ شیخ سبھی سے پوشیدہ رکھا؟ ایسے کئی سوال لوگوں کے ذہن میں گردش کرنا لازمی ہے۔ اس بارے میں خود رانی چٹرجی نے گزشتہ دنوں اپنے انسٹاگرام پر سوال-جواب سیشن کے دوران حقیقت سے پردہ اٹھایا۔

دراصل رانی چٹرجی کے ایک شیدائی نے ان سے سوال کیا کہ ’’مسلم ہو کر آپ نے خود کو ہندو نام سے پیش کیا۔ کیا آپ کو مسلم پہچان سے ڈر لگتا ہے؟‘‘ اس کے جواب میں رانی نے لکھا ’’مجھے مسلم ہونے پر فخر ہے۔ میری پہلی فلم (سسرا بڑا پیسہ والا) کے وقت ڈائریکٹر اجئے سنہا نے میرا نام بدل دیا۔ اس وقت پتہ ہوتا کہ میرا نام اتنا مشہور ہونے والا ہے، تو میں کبھی ان کی بات نہیں مانتی۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتی ہیں ’’مجھے خوشی ہے کہ میرا نام رانی بھی ہے اور صاحبہ بھی۔ اس طرح میں ہندوستان کے سبھی تہوار کا جشن منا سکتی ہوں۔ میرے اندر پورا ہندوستان موجود ہے۔‘‘ اتنا ہی نہیں، رانی یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’جس بھی مذہب میں پیدا ہو، کوئی مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا۔‘‘