’کچا بادام‘ گانے سے ملی غیر معمولی شہرت کے بعد دوبارہ اپنے پیشے میں نہیں جانے کی بات کرنے والے بھوبن بڈیاکر کا تکبر ٹوٹ گیا ہے۔ وہ پھر سے بادام فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دراصل ’کچا بادام‘ گا کر مشہور ہوئے بھوبن نے کہا تھا کہ وہ مشہور ہستی بن گئے ہیں، اس لیے اب بادام فروخت نہیں کریں گے، کیونکہ ایسا کرنے پر ان کا مذاق بنایا جائے گا۔
بھوبن کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست بحث شروع ہو گئی اور لوگوں نے ان کے اس موقف کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا انہیں جس کام کی وجہ سے جانتی ہے اور اتنا پیار دیتی ہے، انہیں اس کام کو کرنے میں کوئی شرم نہیں آنی چاہیے۔ لوگوں کے اس ردعمل کے بعد بھوبن کی آنکھیں کھل گئیں اور انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں سیلبرٹی (مشہور ہستی) کا مطلب نہیں سمجھتا تھا، تکلیف کے لیے معافی چاہتا ہوں۔ انہوں نے آگے کہا کہ ’’یقینی طور سے میں پھر سے بادام بیچوں گا، آج سب میرے ساتھ ہیں، جس دن وہ سبھی چلے جائیں گے، میں پھر بادام اور میوہ بیچوں گا۔‘‘
واضح ہو کہ بھوبن کو ’کچا بادام‘ گانے کے لیے ایک میوزک کمپنی کی طرف سے تین لاکھ روپے کا چیک ملا تھا۔ اس کے بعد ان کی پوری زندگی بدل گئی تھی۔ ان کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر کھنچوانے کے لیے لوگوں میں ہوڑ لگ گئی۔ بنگال پولس نے بھی انہیں اعزاز سے نواز کر ان کی عزت افزائی کی۔