بہار کے شیخ پورہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم محمد رُمان اشرف کے لیے رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ انتہائی مبارک ثابت ہوا ہے۔ رُمان کے گھر میں آج ہر طرف خوشیاں بکھری ہوئی ہیں، اہل خانہ لوگوں کی مبارکبادیاں قبول کرتے نہیں تھک رہے۔ رُمان نے کارنامہ ہی کچھ ایسا انجام دیا ہے۔ بہار بورڈ میٹرک کا ریزلٹ آج جب جاری ہوا تو ہر طرف رُمان اشرف کے نام کا شور سنائی دیا۔ اس نے 500 میں 489 نمبر لا کر پوری ریاست میں اوّل مقام حاصل کیا، اور یہ اس کی انتھک محنتوں کا ہی نتیجہ ہے۔
رُمان اشرف نے بہار بورڈ میٹرک امتحان میں 97.8 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں اور انھیں اپنی اس کامیابی کی اطلاع اسکول ٹیچر سے ملی۔ اپنی بہترین کارکردگی پر رُمان کا کہنا ہے کہ ’’اس کامیابی میں میرے والدین کے ساتھ اسکول کے اساتذہ کا بھی بھرپور تعاون رہا۔‘‘ رُمان کے والد پیشہ سے استاذ ہیں اور اپنے بیٹے کی کامیابی پر وہ کہتے ہیں کہ ’’کبھی سوچا نہیں تھا کہ اتنی خوشیاں ملیں گی۔ بچپن سے ہی یہ پڑھائی میں اچھا تھا۔ ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ اس کی تعلیم میں کوئی کمی نہ ہو۔‘‘
بہرحال، میٹرک میں کامیابی کے بعد اب محمد رُمان اشرف کی اگلی منزل این ڈی اے (نیشنل ڈیفنس اکیڈمی) ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ یو پی ایس سی این ڈی اے امتحان پاس کر کے فوج میں جانا چاہتا ہے۔ اس کا خواب ہے کہ وہ آگے چل کر ملک کی خدمت کرے۔