کئی بار اساتذہ بچوں میں تعلیم کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے پڑھانے کا ایسا طریقہ اختیار کرتے ہیں جو انھیں پسند آئے۔ ایسی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آ چکی ہیں جس میں اساتذہ کبھی بچوں کو پڑھانے کے لیے منظوم طریقہ اپناتے ہیں، اور کبھی بلیک بورڈ پر حیرت انگیز انداز میں ریاضی کے سوالات حل کیے جاتے ہیں۔ کچھ ایسی ہی ایک ویڈیو بہار سے سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں ایک استاد بچوں کو پڑھانے کے لیے ’کون بنے گا کروڑپتی‘ اسٹائل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس ویڈیو کو صحافی منیش پانڈے نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے ’’یہ مہاراج گنج کے جاوید ہیں۔ ایک پرائمری اسکول میں بطور استاد تعینات ہیں۔ اسکول کے بچوں کا ’کون بنے گا کروڑپتی‘ نام کے کھیل سے علم بڑھا رہے ہیں۔ اگر ایسے اساتذہ تعلیم دینے دینے لگیں تو بچوں کا مستقبل ضرور روشن ہوگا۔‘‘

غور طلب ہے کہ ’کون بنے گا کروڑپتی‘ ایک مشہور ٹی وی شو ہے اور ابھی اس کا 14واں سیزن سونی ٹی وی پر جاری ہے۔ اس شو کی میزبانی امیتابھ بچن کرتے ہیں۔ اسی لیے منیش پانڈے نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امیتابھ بچن صاحب کو چاہیے کہ وہ یہ اسکول گود لے لیں۔ یا پھر یہ کہ سونی ٹی وی والے ایک کمپیوٹر کا انتظام کر دیں جس سے بچوں کو ’کے بی سی‘ والی فیلنگ مل سکے۔