مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کی بڑی بیٹی جینیفر گیٹس رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔ انھوں نے ایک مسلم نوجوان سے شادی کی ہے جس کا نام نائل نصر ہے۔ بیرون ملکی میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہ شادی ایک خفیہ مسلم تقریب میں ہوئی۔ بعد ازاں 16 اکتوبر کو نیو یارک میں ایک عام تقریب کے دوران اس شادی کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ جینیفر کے ویسٹ چیسٹر ہارس فارم میں منعقد اس تقریب میں مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ شادی کی تقریب میں 20 لاکھ ڈالرس سے زیادہ خرچ ہوئے۔
غور طلب ہے کہ نائل نصر کے ساتھ جینیفر گیٹس کی منگنی پہلے ہی ہو چکی تھی۔ ان دونوں کے درمیان بہت پہلے سے دوستی تھی جس نے اب شادی کی شکل اختیار کر لی ہے۔ 2017 میں ہی جینیفر اور نائل کے معاشقے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور جلد شادی کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے تھے۔
نائل نصر اور جینیفر گیٹس نے امریکہ کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ نائل نے 2013 میں، جب کہ جینیفر نے 2018 میں ماسٹر کیا۔ واضح رہے کہ نائل نصر کے والدین عرب ملک کویت میں آرکیٹکٹ کی ایک کمپنی چلاتے ہیں۔ وہ کاروبار کے سلسلے میں ہی مصر سے 3 دہائی قبل کویت منتقل ہو گئے تھے۔ نائل کی پیدائش امریکہ میں ہوئی تھی لیکن ان کی پرورش کویت میں ہوئی۔ انھوں نے اعلیٰ تعلیم امریکہ سے حاصل کی۔