اپنے فن کی روشنی سے کئی زندگیوں کو روشن کرنے والے کتھک سمراٹ پنڈت برجو مہاراج اتوار کی شب اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ انہوں نے دہلی میں 83 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ برجو مہاراج بھلے ہی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ان کے گھنگھروؤں کی جھنکار ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

پنڈت برجو مہاراج کی پیدائش 4 فروری 1938ء کو لکھنؤ میں ہوئی تھی۔ ان کا پورا نام پنڈت برج موہن مشر تھا لیکن لوگ انہیں برجو مہاراج کے نام سے جانتے تھے۔ برجو مہاراج پوری دنیا میں کتھک ڈانس کے لیے معروف چہرہ تھے۔ ان کی ٹھمری، دادرا، بھجن اور غزلوں پر مضبوط پکڑ تھی۔ وہ عمدہ گلوکار اور شاعر بھی تھے۔ برجو مہاراج کو کتھک وراثت میں ملی تھی۔ ان کے چچا شمبھو مہاراج اور لچھو مہاراج اور والد گرو اچھن مہاراج بہترین کتھک ڈانسروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ برجو مہاراج نے صرف 7 سال کی عمر میں ہی اسٹیج پر پرفارمنس دے کر اپنے ہنر سے لوگوں کو واقف کرا دیا تھا۔

برجو مہاراج نے اپنے فن کو محدود نہیں رکھا۔ انہیں موسیقی کی اچھی سمجھ تھی۔ فلم ’شطرنج کے کھلاڑی‘ میں اپنی روحانی آواز سے انہوں نے سبھی کو مدہوش کر دیا تھا۔ 2002 میں آئی ’دیوداس‘ اور ’وشوروپم‘ کے لیے انہوں نے ڈانس کوریوگراف کیا، جس کے لیے 2012 میں انہیں نیشنل ایوارڈ ملا۔ پنڈت برجو مہاراج کو کئی اعزازات ملے جن میں پدم وبھوشن، سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ، کالیداس اعزاز، فلم فیئر ایوارڈ وغیرہ شامل ہیں۔