کیرالہ کے ایک ٹرانسجنڈر جوڑے (جنس تبدیل کرنے والے) کے گھر پر بچے کی ولادت ہوئی ہے۔ اس ٹرانس جوڑے نے حال ہی میں حمل کی جانکاری دی تھی جسے ملک میں اس طرح کا پہلا معاملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ ’ٹرانس پارٹنرس‘ میں سے ایک جیا پاول نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ سرکاری میڈیکل کالج اسپتال میں آپریشن کے ذریعہ صبح تقریباً 9.30 بجے بچے کی ولادت ہوئی۔ حالانکہ انھوں نے نوزائیدہ کا جنس بتانے سے انکار کر دیا ہے۔

حال ہی میں کوزیکوڈ باشندے جیا اور زہاد نے سوشل میڈیا پر حاملہ ہونے کی تصویریں شیئر کی تھیں۔ پھر بدھ کے روز جیا نے جانکاری دی کہ بچے کی پیدائش سرکاری میڈیکل کالج اسپتال میں آپریشن کے ذریعہ ہوئی۔ جیا نے بتایا کہ بچہ اور ان کا پارٹنر زہاد دونوں صحت مند ہیں۔ دراصل ٹرانس جوڑے جیا اور زہاد میں ڈیلیوری زہاد کی ہوئی ہے۔

اے این آئی سے بات کرتے ہوئے جیا نے بتایا کہ ’’یہ میری زندگی میں خوشی کا سب سے بہترین لمحہ ہے۔ مجھے کئی پیغامات ملے جنھوں نے مجھے تکلیف پہنچائی۔ ہمارے بچے کی پیدائش ہمارا جواب ہے۔ میں ان سبھی کی شکر گزار ہوں جنھوں نے ہماری حمایت کی۔‘‘ غور طلب ہے کہ جیا مرد سے اپنا جنس بدل کر خاتون بنی ہیں، جبکہ زہاد لڑکی سے مرد بنے۔ حاملہ ہونے کے لیے زہاد نے اس پروسیس کو بند کر دیا جس کے ذریعہ وہ خاتون سے مرد میں تبدیل ہو رہے تھے۔ اب ایک بار پھر وہ جنس تبدیلی کے عمل کو شروع کریں گے۔