برہمانندم کا نام آتے ہی جسم میں ایک گدگداہٹ سی پیدا ہو جاتی ہے۔ جنوبی ہند کا یہ سپراسٹار کامیڈین آج اپنا 67 واں یوم پیدائش منا رہا ہے۔ یکم فروری 1965ء کو آندھرا پردیش کے گنٹور میں پیدا ہوئے برہمانندم نے اپنی مزاحیہ اداکاری سے جنوبی ہند کی فلموں کے ذریعہ پورے ہندوستان میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی ہے۔ اِن کی شخصیت ایسی ہے کہ جنوبی ہند کے بڑے بڑے اداکاروں سے سجی فلموں میں بھی لوگوں کی نظریں اُنہیں ہی ڈھونٹی رہتی ہیں۔
فلموں کے ساتھ برہمانندم کی حقیقی زندگی بھی بے حد دلچسپ ہے۔ وہ اپنے کنبہ میں ایم.اے. تک پڑھائی کرنے والے پہلے شخص ہیں۔ برہمانندم فرصت کے لمحات میں پینٹنگ اور اسکلپچرس بنانا پسند کرتے ہیں۔ کتب بینی بھی ان کے شوق میں شامل ہے۔ وہ اپنی دلداری کے لیے انتہائی مشہور ہیں۔ اگر ان کے گھر میں کوئی مہمان آتا ہے تو وہ اپنے ہاتھوں سے کھانا بنا کر کھلاتے ہیں۔
برہمانندم نے 1987ء میں ’اہا نا پیلانتا‘ کے ساتھ اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی تھی، اور اس کے بعد پیچھے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ 1990 سے 2015 کے درمیان جنوبی ہند کی ہر دوسری فلم میں وہ نظر آتے تھے اور ان کے بغیر فلم ادھوری تصور کی جاتی تھی۔ برہمانندم کے پاس 1000 سے زیادہ فلموں میں کام کرنے کا بھی ریکارڈ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وہ ایک فلم میں کام کرنے کے لیے 1 کروڑ روپے لیتے ہیں۔ 2009 میں برہمانندم کو پدم شری سے بھی نوازا جا چکا ہے۔