نئے سال، یعنی 2023 کا جشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ جو 31 دسمبر یا یکم جنوری کو 2023 کی آمد کا جشن نہیں منا سکے، وہ 2 جنوری اور اس کے بعد بھی جشن کا اہتمام کر رہے ہیں۔ جنوری کا پہلا ہفتہ نئے سال کے جشن میں ہی گزرنے والا ہے۔ اس درمیان آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم ’سویگی‘ نے ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس کے بارے میں سن کر آپ کی منھ میں ضرور پانی آ جائے گا۔ دراصل ’سویگی‘ نے بتایا ہے کہ 31 دسمبر کی شام نئے سال کے جشن کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے بڑی تعداد میں آن لائن فوڈ آرڈر کیا۔ اس درمیان ہندوستان میں سب سے زیادہ آرڈر ’بریانی‘ کا ملا۔ یعنی نئے سال کے جشن میں بریانی نے بازی مار لی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق سویگی نے 31 دسمبر کو تقریباً 3.50 لاکھ بریانی کے آرڈر ڈیلیور کیے۔ ان میں 76 فیصد آرڈر تو صرف حیدر آبادی بریانی کے لیے تھے۔ یعنی حیدر آبادی بریانی پسند کرنے والے لوگوں کی تعداد کچھ زیادہ ہی ہے۔ اس کے بعد لکھنوی بریانی (14.2 فیصد) اور کولکاتا بریانی (9.7 فیصد) کا نمبر آتا ہے۔

بہرحال، فوڈ آرڈر معاملے میں دوسرا مقام ’پزا‘ کو حاصل ہوا جس کی مجموعی طور پر تقریباً 2.5 لاکھ ڈیمانڈ ہوئی۔ اس میں صرف ڈومینوز انڈیا کو ہی 61287 آرڈر ملے۔ ویسے ایک رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ نئے سال کے استقبال میں 31 دسمبر کی شب ریسٹورینٹ اور آن لائن فوڈ پروڈکٹ ڈیلیوری میں 35-30 فیصد کی تیزی درج کی گئی۔